راولپنڈی۔13جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ تعلیم ہے، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور سکولوں سے باہر بچوں کو واپس لانا اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل کالج آف آرٹس راولپنڈی کیمپس میں ڈگری شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نیشنل کالج آف آرٹس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضٰی جعفری بھی موجود تھے ، نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ تعلیم ہے اور حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے ، انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوان نسل سے ہماری امیدیں اور مستقبل وابستہ ہے، ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کے لئے بہترین منصوبہ بندی کریں اور انہیں تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کریں ،انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑی تعداد میں بچے تعلیم سے محروم ہے، حکومت کی اولین ترجیح سکولوں سے باہر بچوں کو واپس لانا اور انہیں جدید اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے ، تعلیم ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے اور ہم بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ، انہوں نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس راولپنڈی کیمپس 2005 سے کام کر رہا ہے جہاں طلباء و طالبات کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے ،اس طرح کے ادارے ملک بھر میں ہونے چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ فنون اور آرٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، سکول اور کالجز میں میوزک کی کلاسز بھی ہونی چاہئییں ، آخر میں نگران وفاقی وزیر نے پینٹنگ کا افتتاح کیا ، ڈگری شو میں انسٹیٹیوٹ کے تمام شعبوں کے پاس آئوٹ طلباء و طالبات کے فن پارے ڈسپلے کئے گئے ، نگران وفاقی وزیر نے طلبہ کی تخلیقی سوچ اور کوششوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔