غزہ کے لئے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ کر دی گئی ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اے پی پی  |  Jan 13, 2024

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نےکہا ہے کہ افواج پاکستان اور حکومت کی طرف سے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی امداد کیلئے چوتھی امدادی کھیپ تقریباً 20 ٹن امداد روانہ کر دی گئی ہے جو ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جس میں غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق سرجیکل/طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں ۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ابتک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لئے 220 ٹن امدادی سامان روانہ کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے بربریت اور اندھا دھند طاقت کا استعمال قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ،جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے کیس کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے اور جب تک فلسطینی عوام کو ایک آزاد خودمختار فلسطینی ریاست نہیں مل جاتی جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو پاکستان فلسطینی عوام کےساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم وستم کی ہر سطح پر مذمت کرتا رہے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More