کراچی۔ 12 جنوری (اے پی پی):سندھ پولیس ہسپتال گارڈن کراچی کوجدید خطوط پراستوارکرنے اور جدید آلات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے حوالے سے آئی جی سندھ رفعت مختارراجہ کی سربراہی میں سی پی او آفس کراچی میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اے آئی جی ویلفیئراور ایم ایس پولیس ہسپتال گارڈن نے بریفنگ دی۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ آپریشن تھیٹراور لیبارٹری قائم کرنے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات فوری کیے جائیں تاکہ ملازمین اور ان کے اہلخانہ کوصحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ معاشی بوجھ میں بھی کمی لائی جاسکے جبکہ پینے کے صاف پانی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس ہسپتال،گارڈن سوسائٹی جنوبی،آر آر ایف میں آر او پلانٹس بھی نصب کیےجائیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں طبی عملہ کااخلاق بہت معنی رکھتا ہے لہذاپولیس ہسپتالوں میں فرائض پر مامور ڈاکٹرز حضرات اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کارکردگی،مریضوں اور انکے اہلخانہ کیساتھ سلوک و برتا کی جانچ کے لیے باقاعدہ ایک میکنزم تیار کیا جائے اور اس میکنزم پر عملدرآمدی اقدامات کیلئے تمام تر فیڈ بیگ مریضوں،انکے اہلخانہ اور داخل مریضوں کی عیادت کیلئے آنیوالوں سے لیا جائے تاکہ خوش اخلاق،احسن سلوک اور مثبت برتائو کے حامل ڈاکٹرز،طبی اسٹاف،ٹیکنیشنز سے طبی خدمات کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے ہدایات دیں کہ سندھ کے تمام پولیس ہسپتالوں کو ہیلتھ آفیشل مینجمنٹ سسٹم کے تحت سینٹرلائزڈ کیا جائے جسکا مقصد دستیاب ادویات، فراہم کردہ ادویات،مرض کی تشخیص،میڈیکل ٹیسٹ وغیرہ کا اندراج یقینی بنانا ہے۔اس ضمن میں جدید ایپلیکشن کے استفسار پر آئی جی سندھ کو ڈائریکٹرآئی ٹی نے بتایا کہ ایپلیکشن کی تکمیل آخری مراحل میں ہے اور اس پر 80 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ پولیس کی رہائشی کالونیوں/علاقوں/لائنز سے پولیس ہسپتال گارڈن تک دن میں دو مرتبہ شٹل بس سروس کا آغاز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہسپتال کے لیے نئی ایمبولینسز کی خریداری کے لیے ضروری اقدامات کیساتھ ساتھ پہلے سے دستیاب ایمبولینسز کو بھی رننگ کنڈیشن میں رکھا جائے۔اجلاس کو ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے بتایا کہ پولیس ہسپتال کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مرمت کرکے انہیںفعال کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتال کے اطراف میں صفائی ستھرائی کا کام بھی روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر،ڈی آئی جی ہیڈکواٹر،فنانس کے علاوہ ویلفیئر برانچ اے آئی جیز، پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی،ایم ایس و ایڈیشنل ایم ایس پولیس ہسپتال نے شرکت کی۔