اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):عازمین حج کی تربیت کیلئے ٹریننگ کوآرڈینیٹرز کا انتخاب آخری مراحل میں ہے۔وزارت مذہبی امور میں حج 2024 کے عازمین حج کی جامع انتظامی تربیت کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی جس کی زیر نگرانی تربیتی مواد کی تیاری اور انتظامی تربیت فراہم کرنے والے ٹریننگ کوآرڈینیٹرز کا انتخاب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امورکے مطابق جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ احمد ندیم خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے سینئر اراکین ڈپٹی سیکرٹریز ناصر عزیز خان، امجد علی و دیگر افسران پر مشتمل کمیٹی نے جمعہ کو وزارت کے تجربہ کار عملہ کے انٹرویوز کا عمل شروع کیا اور نئے تربیتی مواد کے حوالے سے عملہ سے پریزنٹیشنز لیں۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ عازمین حج کی تحصیل، ضلع اور حاجی کیمپ کی سطح پر جامع تربیت فراہم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ انہیں سفر حج کے دوران کم سے کم مسائل کا سامنا ہو۔تربیتی مواد میں پاکستان سے روانگی، سعودی عرب آمد، ایام حج اور زیارت مدینہ منورہ کے انتظامی امور، سعودی قوانین اور اہم مقامات سے متعلق تربیت اور آگاہی فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی سیکریٹری ناصر عزیز کا کہنا تھا کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد عازمین حج کو مدد و رہنمائی کی کم سے کم ضرورت پڑے گی۔ ایک تربیت یافتہ حاجی حجاز مقدس میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ کرے گا۔