پاکستان جنوبی افریقہ کی طرف سے بین الاقوامی عدالت انصاف میں غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کے بارے میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ

اے پی پی  |  Jan 11, 2024

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کی طرف سے بین الاقوامی عدالت انصاف میں غزہ میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور 1951 کے نسل کشی کنونشن کے تحت اسرائیل کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزیوں کے بارے میں دائر درخواست کی حمایت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ کہا کہ ہم اس قانونی کارروائی کو بروقت سمجھتے ہیں اور اسرائیل کو 7 اکتوبر 2023 سے فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے مظالم کا حساب دینے کی طرف ایک اہم قدم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی درخواست میں اٹھائے گئے خدشات کا پاکستان بھی اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جاری فوجی جارحیت اور فلسطینی عوام کے خلاف اقدامات جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کے بے دریغ قتل عام کے خاتمہ ، غیر انسانی محاصرے کو ختم کرنے اور فلسطینی عوام کو انسانی امداد کی فوری ترسیل کے مطالبہ کا اعادہ کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا واحد منصفانہ حل جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More