پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے اپنے نام سے منسوب “نگار”کالج آف نرسنگ کا افتتاح کردیا

اے پی پی  |  Jan 11, 2024

پشاور۔ 11 جنوری (اے پی پی):نرسنگ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے صوابی میں “نگار”کالج آف نرسنگ کے نام سے سرکاری نرسنگ کالج کا افتتاح پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب ہسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل(ر) نگار جوہر نے بتایا کہ یہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ آج میں نے اپنے نام سے منسوب نرسنگ کالج کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں مشیر وزیراعلیٰ برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، ممبر پی ایم ڈی سی اورچئیرمین بی او جی ایم ٹی آئی ایل آر ایچ ڈاکٹر محمد زبیر سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مشیر صحت نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں تربیت یافتہ نرسوں کی کمی ہے کوشش ہے کہ سرکاری سطح پر نرسنگ کالج کے قیام کو ممکن بناکر نرسوں کی کمی کو پورا کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 10 لاکھ نرسوں کی کمی ہے اور خوشی اس بات کی ہے کہ اب شعبہ نرسنگ کولوگ بطور پیشہ اپنا رہے ہیں۔تقریب سے ایم ٹی آئی صوابی کے سابقہ اور موجود بورڈ چئیرمین ، چئیرمین بی او جی ایل آر ایچ، ڈین جی کے ایم سی اور نرسنگ ڈائریکٹر سمیت سابقہ وائس چانسلر وومن یونورسٹی صوابی نے بھی خطاب کیا۔

شرکاء نے نرسنگ کالج کے قیام کو صوابی کے لئے خوش آئندقرار دیا۔ترجمان کے مطابق نگار نرسنگ کالج میں باقاعدہ طور پر داخلوں کا آغاز ہوگیا ہے، نرسنگ کالج پاکستان نرسنگ کونسل اور دیگر اداروں سے منظور شدہ کالج ہے جہاں جدید طرز کے مطابق نرسنگ کے تمام کورس کرائے جارہے ہیں۔ کالج میں اس وقت بی ایس سی این، پوسٹ آر این اور ایل ایچ ویز کے داخلے جاری ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نگارکالج آف نرسنگ کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ پرنسپل حزب اللہ نے نگارنرسنگ کالج کی جانب سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More