نگران وزیر اعلی محسن نقوی کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات میں 367 لیپ ٹاپ تقسیم کیے

اے پی پی  |  Jan 11, 2024

لاہور۔11جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے جمعرات کے روز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور پوزیشن ہولڈرپوسٹ گریجوایٹ اورگریجوایٹ،نرسنگ طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔مجموعی طور پر 367 طلبا وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دئیے گئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پی ایچ ڈی کی طالبہ ڈاکٹر صفیہ بانو کو لیپ ٹاپ دیا۔ وزیر اعلی نے ایم بی بی ایس کے طلبا وطالبات سدرہ جاوید، عائشہ عرفان، علی عرفان کو لیپ ٹاپ دیئے۔وزیر اعلی نے ایم فل کے ڈاکٹر حفضہ اور ڈاکٹر عاقب کو لیپ ٹاپ دیئے۔

وزیر اعلی نے ڈی پی ڈی کی طالبات لائبہ مسعود، عیشہ عمران اور فاطمہ کو لیپ ٹاپ دیئے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بی ایس آنرز کے طلبا وطالبات ابتسام، سونیا بی بی، لائبہ قیوم، لائبہ بھٹی اور ہمنہ ظہور کو لیپ ٹاپ دیئے۔وزیر اعلی نے نرسنگ کے طلبا وطالبات فیصل اور عائشہ عرفان کو لیپ ٹاپ دیئے۔وزیراعلی محسن نقوی نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد اپنا فرض ادا کرے گا تو ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔اپ گریڈیشن کے بعد اونر شپ نہ لی گئی تو ہوسکتا ہے چند روز میں ہی ہسپتالوں کی حالت بگڑ کر پہلے جیسی ہو جائے۔ اپ گریڈیشن کے بعد وائس چانسلر، پرنسپل اورڈاکٹرز اونر شپ لیں گے تو ہی ہسپتال ٹھیک رہیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ حکومت اربوں روپے اپ گریڈیشن پر لگا رہی ہے اب ڈاکٹر اور طلبہ پر ہسپتالوں کو گھر کی طرح خیال رکھنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مریضوں کا بہتر علاج کرنا اور ہسپتال کی اونر شپ لینے میں ہی ڈاکٹرز کی کامیابی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ وزیراعلی، وزرا سیکرٹری ہسپتالوں کا اتنا خیال نہیں رکھ سکتے جتنا ڈاکٹرز اور پروفیسرز رکھ سکتے ہیں۔ ہسپتالوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومتی کی ذمہ داری ہے لیکن اونر شپ ڈاکٹرز کو لینی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ مئی 2023 میں ہم نے بحریہ ہسپتال کا دورہ کیا،میرے ساتھ صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت بھی موجود تھے۔ہم بحریہ ہسپتال علاج معالجے کی سہولتیں دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور میں اپنی ٹیم کو اسی وقت کہا کہ ہمارے سرکاری ہسپتال بھی اسی معیار کے ہونے چاہئیں۔ہم نے فیصلہ کیا اور فوری اقدامات شروع کئے اور سرکاری ہسپتالوں کو بحریہ ہسپتال کی طرز پر بنانے کا کیلئے کام کا آغاز کیا۔

انشا اللہ اب پنجاب کے ہسپتال اپ گریڈیشن کے بعد بحریہ ہسپتال سے بہتر ہوں گے۔ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض تھا جو پورا کررہے ہیں، ڈاکٹرز اور پروفیسرز اب اونر شپ رکھنے کا فرض ادا کریں۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ وائس چانسلرز اور ایم ایس100 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی مانٹیرنگ کررہے ہیں لیکن پروفیسر محمود ایاز سب سے آگے ہیں۔ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا سب سے زیادہ کسی نے خیال رکھا ہے تو وہ محمود ایاز ہیں،جو رات گئے بھی ویڈیوز بھجواتے ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ یونیورسٹی اور ہسپتال کے کمپاونڈ پر اگلے چند دنوں میں تقریبا9ارب روپے لگ چکے ہوں گے۔ منسلک 7 ہسپتالوں سمیت کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی پر 25ارب روپے سے اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔ ٹریننگ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی حالت انتہائی خراب تھی جسے اپ گریڈ کررہے ہیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایک بیڈ پر ایک ہی مریض کا علاج ہونا چاہیے، یہ بھی حکومتی کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹرز اور پروفیسر ز کو ہسپتال کا خیال رکھنا ہے اگر اونر شپ نہیں لیں گے تو اربوں روپے ضائع ہوجائیں گے۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ میو ہسپتال کے تقریبا30 سے زائد دورے کیے ہیں۔ طلبہ کے لئے ریڈنگ روم کی حالت انتہائی خراب تھی، بیٹھنے کی مناسب جگہ نہیں تھی، اے سی اور انٹرنیٹ تک خراب تھا۔محکمہ تعمیرات و مواصلات نے دن رات محنت کرکے سٹیٹ آف دی آرٹ ابن سینا ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا بنایا۔

وزیراعلی نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات مبارکباد کے مستحق ہے۔ طلبا وطالبات کو سفارش اور پرچی نہیں میرٹ پر لیپ ٹاپ ملے ہیں اور میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو فخر ہونا چاہیے۔ 367لیپ ٹاپ کچھ بھی نہیں،ہر طالب علم کے پاس لیپ ٹاپ ہوناچاہیے۔وزیراعلی نے کہا کہ میرٹ پر سب سے اوپر آنے والے طلبا وطالبات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سب سے بہترین ادارہ ہے اور یہاں پروفیسرز،طلبا وطالبات بھی سب سے بہترین ہیں۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی عوام کے لئے ٹھنڈی ہوا کے جھونکے جیسے ہیں۔

مریض کی فلاح بہبود اور دیکھ بھال ہماری حکومت کا نصب العین ہے۔ صوبائی وزیر پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیراعلی محسن نقوی نہ تو خود آرام سے بیٹھتے ہیں اور نہ ہی وزرا کو آرام سے بیٹھنے دیتے ہیں۔ ان کی زندگی کا ایک ہی مقصد ہے کام کرنا،کام کرنا اور بس کام کرنا۔75برس بعد صحت کے شعبے میں جو کام وزیراعلی محسن نقوی دور میں ہوا ہے اسے بتانے کیلئے پورا دن بھی کم ہے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازنے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا وطالبات سے کسب کمال اورانسانیت کی خدمت کی توقع رکھی جاتی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری صحت، ایچ ای سی کے نمائندہ محمد ماجد مصطفی خان اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More