ملک کے مستقبل کیلئے سیاسی جماعتیں معاشی اصلاحات کی بہتری کا جامع پروگرام پیش کریں، صرف خوشنما وعدے کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا سیمینار سے خطاب

اے پی پی  |  Jan 11, 2024

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک کے مستقبل کے لیے سیاسی جماعتیں معاشی اصلاحات کی بہتری کا جامع پروگرام پیش کریں، صرف خوشنما وعدے کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ”الیکشن 2024:سیاسی جماعتوں کا اقتصادی اصلاحات کا ایجنڈا“ کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم انتخابات سے کچھ دن دور ہیں، انتخابات انشاءاللہ 8 فروری 2024 کو ہوں گے، اس میں کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنے موقف پر قائم ہے، الیکشن کمیشن واحد آئینی ادارہ ہے جس نے انتخابات کا شیڈول دیا ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی کسی دوسرے ادارے کے اختیار میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست معیشت اور معاشی مفادات کا ارتکاز ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جی ڈی پی کا ایک چوتھائی حصہ زراعت سے آتا ہے لیکن اس شعبے سے ٹیکس کی وصولی بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے صحت اور تعلیم جیسے شعبوں پر دبائو بڑھ رہا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی کلچر میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے حلقوں کو صرف ووٹ کے لئے استعمال کرنے کے بجائے، قانون سازی اور ملک کے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات 2024 اہم انتخابات ہوں گے، ہمیں سیاسی جماعتوں کے منشور کے حقیقت پسندانہ ہونے پر گفتگو کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آبادی کے مسائل بھی درپیش ہیں جس کی وجہ سے ہمیں تعلیم اور صحت کے شعبہ پر دبائو کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ضرور کریں لیکن ملک کے مستقبل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، ملک کی معاشی سمت پر سب کا اتفاق ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، غیر منتخب لوگوں کو یہ اختیار نہیں کہ وہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کی حکومت اور قومی سیاسی جماعتیں حقیقت پسندانہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا سامنے لائیں، حقیقت پسندانہ پروگرام دیں اور خوشنما وعدوں کی بجائے ایسے وعدے کریں جن پر انہیں یقین ہو کہ وہ یہ کام کر سکیں گے۔ سیمینار میں معاشی ماہرین اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر طارق محمود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔\

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More