دسمبر کے دوران کووڈ۔19 سے 10 ہزار اموات ہوئیں،سربراہ عالمی ادارہ صحت

اے پی پی  |  Jan 11, 2024

جنیوا ۔11جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کووڈ۔19سے تقریباً 10 ہزار اموات ہوئی ہیں جبکہ دنیا کے 50 ممالک میں ہسپتالوں میں لائے جانے والے افراد کی تعدا د میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اے پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے جنیوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2023 میں کووڈ۔19 سے دس ہزار اموات اگرچہ اس عالمگیر وبا کے عروج میں ہونےوالی ماہانہ اموات سے کم ہیں لیکن پھر بھی قابل قبول نہیں اور ان لوگوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 کے دوران دنیا کے 50 ممالک میں ہسپتالوں میں لائے جانے والے افراد کی تعدا د میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ یہ زیادہ تر امریکا اور یورپ میں ریکارڈ کیا گیا جہاں اس حوالہ سے اعداد و شمار دستیاب ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر کے ممالک کی حکومتوں سے کووڈ۔19 کے حوالہ سے نگرانی جاری رکھنے اور علاج اور ویکسین تک مسلسل رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کووڈ۔19کا جے این ۔ون ویریئنٹ اب دنیا میں سب سے نمایاں ہے۔عالمی ادارہ صحت کی عہدیدار ماریا وان کرخوف نے بتایا کہ دنیا بھر میں فلو، رائنو وائرس اور نمونیا سمیت سانس کی بیماریوں میں اضافہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہوا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے اہلکار تجویز کرتے ہیں کہ لوگ جب ممکن ہو ویکسی نیشن کروائیں ، ماسک پہنیں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ جن مقامات پر وہ موجود ہیں وہ اچھی طرح سے ہوادار ہوں۔ عالمی ادارہ صحت کے ایک اور عہدیدار ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا ہے کہ ویکسینز کسی کو انفیکشن ہونے سے نہیں روک سکتیں، لیکن یہ یقینی طور پر لوگوں کے ہسپتال میں داخل ہونے کی صورتحال یا موت کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کر رہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More