ملک انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، لوگوں کو ملک کے حالات بارے معلومات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہدکا سیمینار سے خطاب

اے پی پی  |  Jan 11, 2024

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے انتخابات 2024ءکے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، لوگوں کو ملک کے حالات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ”انتخابات 2024ء :سیاسی جماعتوں کا اقتصادی اصلاحات کا ایجنڈا“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ ایسا پلیٹ فارم مہیا کرے جہاں ملک کے مستقبل کے حوالے سے مباحثہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے سب کو آگاہی فراہم کرنی چاہئے کہ آئندہ حکومت کو کیا مشکلات اور چیلنجز درپیش ہوں گے اور وہ کس طرح ان مسائل اور چیلنجز سے نمٹ سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نیشنل براڈ کاسٹرز اور الیکٹرانک میڈیا کا پورا سپیکٹرم موجود ہے جہاں ملکی مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی بحث ہو سکتی ہے۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ میڈیا معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ آج کے سیمینار کا مقصد بھی یہ تھا کہ انتخابات کے حوالے سے سیمینار کے ذریعے ملکی مسائل کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار کا انعقاد پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی بہترین کوشش ہے

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More