دوحہ ۔11جنوری (اے پی پی):قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ ورلڈ یونین آف مسلم اسکالرز کی جنرل اسمبلی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا ۔ٹی آر ٹی کے مطابق جنرل اسمبلی میں جہاں پروفیسر ڈاکٹر علی محی الدین الکرادگی کو چیئرمین منتخب کیا گیا، یونین کے نئے سیکرٹری جنرل علی محمد الا صلبی بن گئے۔ترکیہ سے انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک تھاٹ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مہمت گورمیز کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا، وہیں بورڈ آف ٹرسٹیز کے 31 نئے ممبران کا بھی تقرر کیا گیا۔مصنف رجب سو ن گیول جو بورڈ آف ٹرسٹیز میں شامل ہیں، نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی استنبول شاخ کو مزید فعال بنانا ایجنڈے میں شامل ہے۔سونگیول نے کہا کہ آئندہ کے ایام میں، یونین فلسطین پر دنیا بھر میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو متحرک کرنے کے لیے کام کرے گی۔مسلم اسکالرز کی عالمی یونین کے ترکیہ کے نمائندے عبدالوہاب ایکینجی نے اس بات پر زور دیا کہ جنرل اسمبلی میں غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے حوالے سے اہم پیغامات دیئے گئے۔ مزید کہا گیا کہ غزہ میں مہینوں سے جاری بربریت، انسانی، مذہبی اور اخلاقی لحاظ سے ناقابل قبول ہے، جنرل اسمبلی میں اس مسئلہ پر پوری انسانیت کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کے فرائض پر زور دیا گیا۔ خاص طور پر مسلمانوں کو اس معاملے پر خاموشی اختیار نہ کرنے کا کہا گیا ہے ۔جنرل اسمبلی میں ہمارے قبلہ اول مسجد الاقصی کو جلد از جلد آزاد کرانے اور ظلم کے خاتمے کے لیے ضروری ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر غور کیا گیا۔