جدہ ۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان اور سعودی عرب کے مابین پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حج معاہدات پر دستخط ہو گئے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کےمطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقدہ عالمی حج ایکسپو کے موقع پر بدھ کو وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سربراہی پاکستانی وفد شریک ہے اس موقع پر پاکستان اور سعودی حکام کے مابین متعدد حج معاہدات پر دستخط ہو ئے۔ حج ایکسپو میں پاکستانی وفد کی موجودگی میں ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے معاہدات پر دستخط کیے ۔واضح رہے کہ پاکستانی حجاج کو مختلف سہولیات کی فراہمی سے متعلق باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وزیر مذہبی امور انیق احمد ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمن ، جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد یلدرم جبکہ جدہ میں قائم دفتر امور حجاج پاکستان کے ڈائریکٹر ز ضیاءالرحمن ، فہیم آفریدی اور ضیغم نواز بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ آئندہ حج کے دوران منیٰ عرفات میں پہلے سے بہتر جگہ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حج 2024 کے دوران عمومی سہولیات گذشتہ سال کی نسبت بہتر ہوں گی۔ حجاج کرام کو بہتر سہولیات کے فراہمی کیلئے وزارت کے حکام انتھک محنت کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سعودی حکام نے پاکستانی وفد کو غلافِ کعبہ کا سوینئر پیش کیا۔