گھروں کے نزدیک سے گزرنے والے بجلی کی تاروں کو محکمے کے اخراجات پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، آئیسکو چیف

اے پی پی  |  Jan 10, 2024

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ آئیسکو انتظامیہ کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے کہ وہ صارفین اور اپنے لائن سٹاف کو بجلی حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے بہترین اقدامات کرے اور اس سلسلے میں کمپنی کے تمام آپریشن سرکلز میں گھروں کے قریب یا اوپر سے گزرنے والی بجلی تاروں کی منتقلی اور کمزور ٹیڑھے بجلی پولز کی تبدیلی کا عمل آئیسکو کے اخراجات پر تیزی سے جاری ہے۔

بدھ کو جاری تفصیلات کے مطابق جنوری2019سے جاری مہم کے دوران فیلڈ فارمیشنز اور صارفین کی جانب سے10ہزار483 پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی جو کہ انسانی جان کے لئے خطرے کا باعث بن سکتے تھے۔ جس پر فوری اور بروقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے9035پوانٹس کومحفوظ بنایا جا چکا ہے اور ان پر آنے والے1ارب63کروڑ79لاکھ سے زائد کے اخراجات آئیسکو نے صارف دوست کمپنی ہونے کے ناطے خود برداشت کیے۔ ان تمام کارروائیوں کی براہ راست نگرانی چیف انجینئر آپریشن محمد اسلم خان کر رہے ہیں۔

آئیسکو انتظامیہ اپنے صارفین سے درخواست کرتی ہے کہ وہ بجلی کی تاروں، ٹرانسفارمرز اور دیگر برقی تنصیبات سے ہمیشہ ایک مناسب فاصلہ رکھیں، گھروں کی پرانی اور ناقص الیکٹرک وائرنگ کو اپ گریڈ کرائیں اس کے علاوہ اگر ان کے علاقے میں گھروں کے نزدیک سے گزرنے والی تاریں، کمزور اور ٹیڑھے بجلی کے پول موجود ہیں تووہ اس کی فوری اطلاع متعلقہ ایس ڈی او آفس کو دیں یا آئیسکو ہیلپ لائن نمبر118یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کےنمبرز34-9252933-051 پر دیں تا کہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جائے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More