اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے لبنان کی آڈیو ویژول کونسل (سی این اے) کے ساتھ تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے۔ ایم او یو پر دستخط گزشتہ روز بیروت میں آڈیو ویژول کونسل آف لبنان (سی این اے) کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیے گئے۔ پیمرا سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم او یو کا مقصد پاکستان اور لبنان کے دونوں اداروں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔نیشنل آڈیو ویژول کونسل لبنان کے صدر عبدالہادی محفوظ اور پیمرا کی جانب سے لبنان میں متعین پاکستان کے سفیر سلمان اطہر نے دستاویز پر دستخط کئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالہادی محفوظ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایم او یو پر دستخط سے پاکستان اور لبنان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات استوار ہوں گے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور ان اہم فوائد پر زور دیا جو الیکٹرانک میڈیا کے ضوابط کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان موثر تعاون سے پیدا ہوں گے۔پاکستان کے سفیر سلمان اطہر نے دونوں فریقین کو ایم او یو پر دستخط کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور لبنان مشترکہ اقدار کے حامل دو برادر ممالک ہیں اور عالمی مسائل پر دونوں ممالک کے موقف میں باہمی ہم آہنگی ہے۔پاکستان کے سفیر نے ایم او یو کے بنیادی مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے الیکٹرانک میڈیا کے ضوابط کے شعبے میں مواصلات، تجربات اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایک عملی طریقہ کار کے قیام کا عندیہ دیا۔چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، اس مفاہمتی یادداشت کی بدولت دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید تقویت ملے گی نیز دونوں ممالک کی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹیز کے تجربات اور معلومات کے تبادلے کی بدولت نظام کو سمجھنے اور اس میں مزید بہتری لانے کے لیے راہ ہموار ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے مقامی میڈیا انڈسٹریز کی ترقی و ترویج کے لیے سازگار ماحول، یکساں مواقع اور فائدہ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ مستقبل میں پرائیویٹ الیکٹرانک میڈیا کے شعبے میں موثر تعاون اور اشتراک کے لیے بھی راہ ہموار ہوگی۔