یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداروں کی ملاقات

اے پی پی  |  Jan 10, 2024

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے بدھ کو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداروں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے یورپی یونین میں پاکستان کے موجودہ زرعی تجارتی پروفائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان چیلا رام کیولانی اور ایسوسی ایشن کے کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔

بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانے کے ایک ٹویٹ کے مطابق ملاقات میں یورپی ممالک کو چاول کی برآمدات سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا اور تعاون کو مزید بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ ایمبیسیڈر آمنہ بلوچ نے ایسوسی ایشن کے مسائل کو غور سے سنا اور پاکستان سے یورپ کو چاول کی برآمدات بڑھانے میں مدد کے لیے ان کے حل کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ملاقات میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی انتظامی کمیٹی کے اراکین، محمد نعمان اور ڈاکٹر محمد حفیظ اور سابق چیئرمین رفیق سلیمان نے شرکت کی۔ دریں اثنا رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک ٹویٹ کے مطابق چیئر مین چیلا رام کیولانی نے ملاقات میں ایمبیسیڈر آمنہ بلوچ کو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی شیلڈ پیش کی اور ان کے مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More