اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار کو وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد تعینات کر دیا گیا۔ بدھ کو یونیورسٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد سینیٹ کا اجلاس چانسلر /صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سینیٹ کے اجلاس میں تمام ممبران نے پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار کی کارکردگی کو سراہا ۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے بطور بانی وائس چانسلرنیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں اپنی چار سالہ مدت پوری کی۔ اس دوران انہیں اور ان کی ٹیم کو اہم چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ یونیورسٹی ایک عالمی شہرت یافتہ ہنر سیکھنے کے مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے اوریونیسکو/یونیووک سے منظور شدہ ہنر فراہم کرنے والے ممتاز ادارے کے طور پر پہچان حاصل کی ہے۔بانی وائس چانسلر کے طور پر پروفیسر محمد مختار کا دور تعلیمی فضیلت اور جدت کے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔اس دور میں یونیورسٹی کی شناخت کو بنانے اور ہنر سکھانے اور سیکھنے کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں بانی وائس چانسلر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد جو کبھی ناقابل حل چیلنجوں سے نبردآزما تھی وہ اب پروفیسر محمد مختار کی انتھک محنت اور عزم کی بدولت کامیابی کی ایک امید کی کرن بن کر کھڑی ہے۔ان کی رہنمائی میں یونیورسٹی قومی اور بین الاقوامی شناخت کے ساتھ ہنر سیکھنے کا مرکز بن گئی ہے جو عالمی معیار کے مطابق جدید مہارت کی تعلیم فراہم کرتی ہے۔