اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2024ء کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا، پہلے مرحلے کے داخلے 15جنوری،دوسرے مرحلے کے یکم مارچ سے شروع ہوں گے، ترجمان

اے پی پی  |  Jan 10, 2024

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2024 کے داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، پہلے مرحلے کے داخلے 15 جنوری جبکہ دوسرے مرحلے کے داخلے یکم مارچ کو شروع ہوں گے۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں سرٹیفکیٹ کورسز، میٹرک، ایف ا ے، آئی کام، بی ایس(فیس ٹو فیس)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی شامل ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیچر ٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری(بی اے)، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور بی ایس(او ڈی ایل)پروگرامزپیش کئے جائیں گے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کیمپسز کے سربراہان کو طلبہ کی معاونت کے لیے فیسی لیٹیشن مراکز کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ داخلے کے خواہشمند جن طلبہ کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں وہ یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مفت سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

طلبہ کو معلومات کی فراہمی و معاونت کے لیے ملک بھر میں سوئفٹ سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں پیش کیے جانے والے تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر15 جنوری سے آن لائن دستیاب ہوں گے۔ سرٹیفکیٹ کورسز،میٹرک، ایف اے پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی کیمپسز/رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس میں بھی دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے مطابق بی ایس/ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے آن لائن اپلائی کرنا لازمی ہے جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخلہ فارم مینول اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کیا جاسکے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More