اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیںجس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسزاور عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔خطے کے امن کی بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اس دہشت گرد حملے کے نتیجے میں شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔