سٹاک ہومز ۔10جنوری (اے پی پی):سویڈن میں 25 سال میں جنوری کی سب سے سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے۔سویڈن کے شمال میں بدھ کی رات انتہائی سردی کے باعث درجہ حرارت منفی 43.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ نارڈکس میں شدید سردی پڑی ہے ۔سویڈن کی قومی موسمیاتی ایجنسی ایس ایم ایچ آئی کے ماہر موسمیات میٹیاس لِنڈ کے مطابق یہ 1999 کے بعد سویڈن میں جنوری کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔جنوری 1999 میں سویڈن میں مائنس 49 ڈگری سیلسیس (مائنس 56.2 فارن ہائیٹ) درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جس نے 1951 میں قائم ریکارڈ کو برابر کر دیا۔انہوں نے کہا کہ 1888 میں پیمائش شروع ہونے کے بعد سے اس مخصوص جگہ پر یہ سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔سویڈن کے شمال میں کئی دیگر سٹیشنوں پر درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری طرف سویڈن کے ہمسایہ ملک فن لینڈ میں بھی شدید سردی سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا، جہاں شمالی لیپ لینڈ کے علاقے میں منگل کی شام منفی 38.7 سیلسیس ریکارڈ کیا گیا،پانی کے پائپ منجمد یا پھٹنے کے کئی واقعات بھی رپورٹ ہوئے،اور فن لینڈ کے نشریاتی ادارےوائے ایل ای نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں سردی کی یہ لہر جنوب کی طرف بڑھنے کی توقع ہے، فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں بدھ کی رات کو درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گیا جو کہ پہلی بار ہو اہے۔