اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):موٹروے پولیس نےایم ون صوابی کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔موٹروے پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی کل 182 کلو اعلی کوالٹی کی چرس اور افیوم برآمد کرلی۔کاروائی ایم ون صوابی کے قریب عمل میں لائی گئی۔ صوابی ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیور کو بریفنگ کا عمل جاری تھا اسی اثنا داخل ہونے والی ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ڈرائیور نے گاڑی موقع سے بھگا دی۔اس صورتحال میں موٹروے پولیس کی جانب سے مشکوک گاڑی کا پیچھا کیا گیا لیکن ڈرائیور خطرناک طریقے سے گاڑی بھگاتا رہا۔آپریشن میں موٹروے پولیس کی ایک سے زائد گاڑیوں نے سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حصہ لیا۔پولیس کو پیچھے آتے دیکھ کر ملزم کچھ دور جا کر گاڑی سڑک پر چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں منشیات برآمدہوئی۔برآمد شدہ منشیات میں 128.5 کلو چرس اور 53.5 کلو افیوم شامل ہیں۔ واقع کی اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئے۔ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی تاکہ مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے۔