کراچی۔ 09 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اطلاعات سندھ احمد شاہ نے کہا ہے کہ مغرب کی آج ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی وجہ وہاں کی جامعات میں ہونے والی تدریس وتحقیق ہے،فوڈ سیکیورٹی کا عملہ ایسا ہونا چاہیے جو حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کیلئے تیار نہ ہو کیونکہ یہ ہماری زندگی کا مسئلہ ہے اور اس سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے،ہمارے نوجوانوں کو اپنے قلم اور تحریروں کے ذریعے انقلاب برپا کرنے کی ضرورت ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کی سابق پروفیسر وبانی شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق کو سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چیف ایمبسیڈر فوڈ سیفٹی اینڈ ہائی جین مقرر کرنے کے اعزاز میں ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر نے کہا کہ ہم جامعہ کراچی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ ایک لاکھ افراد پر ایک فوڈ انسپکٹر ناگزیر ہوتا ہے اس حساب سے سندھ میں 750 سے زائد فوڈ انسپکٹرز کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنے نوجوانوں کو علم کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ ہم دو لاکھ طلبا وطالبات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ جس طرح سندھ فوڈ اتھارٹی کا جامعہ کراچی کے ساتھ اشتراک ہے وہ دیگر جامعات کیلئے ایک مثال ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا ہم شعبہ فوڈ سائنس جامعہ کراچی کے طلبہ کو انٹرنشپ اور انکی جاب سیکیورٹی کی ضمانت دیتے ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ جامعہ کراچی اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے اس کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ اس ملک کا بنیاد ی مسئلہ کوالٹی ایجوکیشن کا ہے۔ آج مغرب کی تیز رفتار ترقی کی وجہ تعلیم پر بروقت سرمایہ کاری ہے جو اہداف کے حصول کیلئے ناگزیر ہوتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق نے کہا کہ نیوٹریشن اور ہائی جین کی تعلیم اسکول کی سطح سے ہی دینی چاہیے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں نیوٹریشن اورہائی جین کی پریکٹس کو لے کر چلیں گے تو ہمارا مقصد پورا ہوسکتا ہے۔ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ نیوٹریشن اور ہائی جین کے حوالے سے کام کروں گی۔ میری کوشش ہے کہ میں اپنے تجربات سے معاشرے کو زیادہ سے زیادہ استفادہ پہنچاؤں۔قبل ازیں صدر شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر راشدہ ارتفاق گزشتہ پچاس برس سے جامعہ کراچی میں استاد کے فرائض انجام دے رہی ہیں اور 25 سال قبل ریٹائرڈ ہونے کے باوجود انہوں نے تاحال بلا معاوضہ طلبہ کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کروارہی ہیں جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ تقریب سے جامعہ کراچی کی سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی، بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نعیم ودیگر نے بھی خطاب کیا