بیروت میں پیمرا اور لبنان کی آڈیو ویژول کونسل کے درمیان تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اے پی پی  |  Jan 09, 2024

بیروت/اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے لبنان کی آڈیو ویژول کونسل (سی این اے) کے ساتھ تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم او یو پر دستخط بیروت میں آڈیو ویژول کونسل آف لبنان کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیے گئے۔

ایم او یو کا مقصد پاکستان اور لبنان کے دونوں اداروں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔نیشنل آڈیو ویژول کونسل لبنان کے صدر عبدالہادی محفوظ اور پیمرا کی جانب سے لبنان میں متعین پاکستان کے سفیر سلمان اطہر نے دستاویز پر دستخط کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےعبدالہادی محفوظ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایم او یو پر دستخط سے پاکستان اور لبنان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات استوار ہوں گے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور ان اہم فوائد پر زور دیا جو الیکٹرانک میڈیا کے ضوابط کے شعبے میں موثر تعاون سے پیدا ہوں گے۔سفیر پاکستان سلمان اطہر نے دونوں فریقین کو ایم او یو پر دستخط کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کے پاکستان اور لبنان مشترکہ اقدار کے حامل دو برادر ممالک ہیں اور عالمی مسائل پر دونوں ممالک کے موقف میں باہمی ہم آہنگی ہے۔

سفیر نے ایم او یو کے بنیادی مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے الیکٹرانک میڈیا کے ضوابط کے شعبے میں مواصلات، تجربات کے تبادلے اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایک عملی طریقہ کار کے قیام پر زور دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More