پاکستان اور مصر زراعت،ٹیکسٹائل ، انجینئرنگ اور خدمات سمیت اہم اقتصادی شعبوں میں تعاون کو بڑھا رہے ہیں، نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز

اے پی پی  |  Jan 09, 2024

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت اور سرمایہ کاری ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر زراعت، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ اور خدمات سمیت اہم اقتصادی شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھا رہے ہیں ۔ منگل کووزارت تجارت کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نگران وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار مصر میں منعقد ہونے والی چوتھی پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش کے مہمان خصوصی احمد سمیر کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔

ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کےحوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔بات چیت میں اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور اہم شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستانی منڈیوں کو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقی خطے تک رسائی دینے کے لئے کام کیا جا رہا ہے اور نئی منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور مارکیٹوں کو مزید قابل رسائی بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ اس تقریب سے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کی مزید راہیں کھلیں گی ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More