بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے شعبہ میں نصاب کی تشکیل و ترقی کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

اے پی پی  |  Jan 09, 2024

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ ایک روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کے قومی اور بین الاقوامی مقررین نے منصوبوں پر مبنی تدریس اور انجینئرنگ کی (سی ڈی آئی او) تکنیک کے ذریعے انجینئرنگ کے شعبہ میں نصاب کی تشکیل و ترقی کے طریقوں پر اظہارِ خیال کیا۔

اس بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد جامعہ کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے منگل کو جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں کیا گیا جس کا موضوع ”انجینئرنگ کے شعبہ میں نصاب کی تشکیل و ترقی” تھا۔

منتظمین کانفرنس نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین اور محققین کے ذریعے طلبا و طالبات کو شعبہ کے مسائل اور اساتذہ کو درپیش نصاب کے ضمن میں چیلنجز کا حل ڈھونڈنے کا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ انجینئرنگ میں سی ڈی آئی او ایک ایسا تعلیمی فریم ورک ہے جو حقیقی دنیا کے نظام اور مصنوعات کو مدنظر رکھتے ہوے انجینئرنگ کے بنیادی اصولوں پر زور دیتا ہے۔

ورکشاپ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن اور برٹش کونسل پاکستان نے پاک برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے موبلٹی گرانٹ کے تحت سپانسر کیا تھا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی معلوماتی اور اہم ورکشاپ کے انعقاد پر فیکلٹی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

ورکشاپ سے ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ندیم احمد شیخ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سرگرمی سے مستقبل کے اساتذہ میں پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کاوش کا مقصد شرکاء کو اساتذہ کی تعلیم کے مستقبل کی تشکیل میں اہمیت پر روشنی ڈالنا تھا۔

ورکشاپ سے ڈاکٹر تقی احمد چیمہ (ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ، GIKI)، کنگز کالج لندن سے ڈاکٹر تبی ولبرفورس آوٹوے، ڈاکٹر گیرتھ تھامسن، آسٹن یونیورسٹی سے ڈاکٹر سارہ جنید، ڈاکٹر فریحہ عظمت، یونیورسٹی آف واروک نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ کے آخر میں ڈاکٹر سارہ، ڈاکٹر تبی، ڈاکٹر مفتوح، ڈاکٹر عمر منصور کی طرف سے سی ڈی آئی او اور لیگو کی سرگرمی بھی انجام دی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More