سٹاک ہوم۔9جنوری (اے پی پی):سویڈن کے وزیر دفاع پال جانسن نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ ان کے ملک کی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور یوکرین میں جاری جنگ سویڈن تک پہنچ سکتی ہے،انہوں نے دعویٰ کیاکہ یوکرین روس کے ساتھ تنازع میں یورپ کی ڈھال کے طور پر کام کر رہا ہے۔رشیاٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سویڈن میں سینئر حکام نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو روس کے ساتھ ممکنہ تصادم کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ وزرا اور سینئر سرکاری حکام نے یہ انتباہ ملک کے مغربی علاقے سیلن میں منعقدہ فوک اوچ فورسوار نیشنل کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم نے خبردار کیا کہ روس مستقبل قریب میں سویڈن اور یورپ کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن کی حکومت کو حقیقت پسند ی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے ساتھ جنگ کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ واضح رہے کہ سویڈن نے اپنی غیر جانبداری کی پالیسی کو گزشتہ سال ترک کرتے ہوئے امریکی قیادت میں یورپی ممالک کے دفاعی اتحاد نیٹو میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا جس پر روس کے چیف آف جنرل سٹاف ویلری گیراسیموف نے خبردار کیا کہ فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت سے یورپ کی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔قبل ازیں روسی حکومت واضح کر چکی ہے کہ یوکرین کو ہتھیاروں اور رقوم کی فراہمی سے نیٹو ممالک اس تنازع میں حقیقی طور پر شریک ہو چکے ہیں۔ روسی حکام یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ روس کی مغربی سرحدوں کی طرف نیٹو کی مسلسل توسیع یوکرین جنگ کی اہم وجوہات میں سے ہے کیونکہ روس نیٹو کو اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔