پاکستان ویمنز لیگ کا قیام کھٹائی میں پڑ گیا

ہم نیوز  |  Jan 09, 2024

ماڈرن ڈے کرکٹ ، تیز رفتاری سے کھیلنا اور فیلڈ میں جارحانہ انداز اپنانے کو کہا جاتا ہے ، یہ طرز عمل کہیں نہ کہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے اجاگر ہوا ہے ، جو دور حاضر میں مقبولیت اور پیسہ کمانے کے علاوہ کچھ حد تک کھلاڑیوں کی گرومنگ کا باعث بنتا جارہا ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف ممالک میں نہ صرف مردوں بلکہ خواتین کی ٹی ٹوئنٹی لیگز کا انعقاد ممکن بنایا گیا ہے۔

پاکستان میں بھی اس فارمیٹ پر مختلف ٹورنامنٹس کرائے جاتے ہیں، جس میں سر فہرست پاکستان سپر لیگ ہے، پچھلے آٹھ سالوں سے پی ایس ایل میں نہ صرف مقامی بلکہ صف اول کے غیر ملکی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھاتے نظر آئے ہیں لیکن خواتین کیلئے ستاروں سے بھری لیگ کا خواب اب تک پورا نہیں ہو سکا۔

ویسے تو پاکستان کرکٹ بورڈ خواتین کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے نچلی سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد کراتا ہے لیکن عالمی معیار کی ویمنز لیگ کرانے کا ٹاسک موجودہ صورتحال میں ناممکن دکھائی دیتا ہے۔

چھ اکتوبر دو ہزار بائیس کو سابق چئیرمین پی سی بی رمیز راجا نے ویمنز لیگ کرانے کا اعلان کیا جس میں چار ٹیمیں ان ایکشن آنی تھی، ہر ٹیم میں چھ غیرملکی اور بارہ مقامی خواتین کرکٹرز کو شامل کیے جانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی لیکن کرکٹ بورڈ سے رمیز راجا کی رخصت کے بعد یہ منصوبہ صرف فائلوں تک ہی محدود رہ گیا۔

پاکستان میں آئندہ ماہ ٹی10نمائشی میچز متوقع

بائیس دسمبر دو ہزار بائیس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نجم سیٹھی نے ویمنز لیگ کا آغاز ایک سال تک موخر کر دیا البتہ آزمائشی طور پر گزشتہ سال مارچ میں خواتین کے تین نمائشی میچز کرائے گئے جس میں غیرملکی خواتین کرکٹرز نے بھی حصہ لیا۔

چھ ماہ گزرنے کے بعد جون دو ہزار تئیس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کمان ایک بار پھر بدل گئی اور ویمنز لیگ کا انعقاد خواب ہی رہ گیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ جو کہ پی سی بی کے پیٹرن ان چیف کی خدمات بھی انجام دیتے ہیں انہوں نے ایک فرمان کے ذریعے ذکاء اشرف کی سربراہی میں بنی مینجمنٹ کمیٹی کے اختیارات محدود کر دیے، جس کی وجہ سے موجودہ بورڈ کوئی بھی بڑا منصوبہ شروع نہیں کر سکتا، پی ایس ایل کے ڈیجیٹل رائٹس کی نیلامی کیلئے بھی مینجمنٹ کمیٹی کو نگران وزیراعظم سے اجازت لینا پڑی تھی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ اس مرتبہ بھی پاکستان ویمنز لیگ کا قیام ممکن نظر نہیں آ رہا، البتہ پچھلے سال کی طرح خواتین کے تین نمائشی میچز کرانے کی منصوبہ بندی جاری ہے، نمائشی میچز کیلئے پی سی بی ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں تشکیل دے گا،، میچز کا انعقاد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرایا جا سکتا ہے،، پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل شیڈول فائنل کرنے کے فوری بعد میچز کی حتمی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More