اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان مصر کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور قاہرہ میں چوتھی پاکستان-افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس (پی اے ٹی ڈی سی) اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن (ایس سی ای) کی میزبانی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وفاقی وزیر کل 9 جنوری کو مصر کے وزیر برائے تجارت و صنعت احمد سمیر کے ہمراہ مصر کے بین الاقوامی کنونشن سینٹر میں تقریب کا افتتاح کریں گے۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے 100 سے زائد کمپنیاں اس کنونشن میں شرکت کریں گی اور یہ کنونشن مصر میں 9 سے 11 جنوری 2024 تک قاہرہ میں ہوگا۔ وزیر تجارت کے ہمراہ وفد میں سیکرٹری تجارت، چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ، سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ اور وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کے دیگر سینئر افسران شامل ہیں۔واضح رہے کہ9 جنوری کو ہونے والی اس کانفرنس کے بعد 10 اور 11 جنوری 2024 کو دو روزہ سنگل کنٹری ایگزیبیشن کا انعقاد کیا جائے گاجس میں پاکستان سے 200 سے زائد تاجر، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ کے سامان، خوراک اور زراعت اور خدمات جیسے مختلف شعبوں کی نمائندگی کریں گے اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی خطے کے 150 سے زائد ممتاز تاجر اور چیمبر کے نمائندے قاہرہ میں اکٹھے ہوں گے۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان اور مینا ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے، مشترکہ منصوبوں اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔