پشاور۔ 08 جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے پیر کے روز باجوڑ میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہداءکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبرپختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ صوبے کے عوام اور حکومت پولیس کی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ان کی ہرممکن معاونت کی جائے گی۔نگران وزیراعلیٰ نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو انہیں بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔درایں اثناء وزیر اعلی نے پشاور میں عدالت کے احاطے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔