پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیاں کشمیر پر تحقیق کو آگے بڑھانے کیلئے ’’کشمیر لرننگ سینٹرز‘‘ قائم کریں گی

اے پی پی  |  Jan 08, 2024

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیاں کشمیر پر تحقیق کو آگے بڑھانے اور خاص طور پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر مطالعہ کیلئے ’’کشمیر لرننگ سینٹرز‘‘ قائم کریں گی ۔ پیر کو ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقو ق مشعال حسین ملک کی زیر صدارت اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تقریباً 150 سربراہان کے ساتھ ایک ورچوئل انٹرایکٹو سیشن کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم اور ایچ ای سی کمیشن کے رکن ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ نے بھی شرکت کی۔فورم سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا جنوبی ایشیا میں امن اور پاکستانی عوام کے جذبات سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کشمیر کی سیاسی، مذہبی اور انسانی حقوق کی آوازوں کو جبر کی طاقتیں خاموش کر رہی ہیں وہاں ہمیں کشمیر کی آواز بننا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کا کشمیر کاز کو علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آرٹس اینڈ کلچر سٹڈیز کے ذریعے پیش کرنے میں بہت بڑا کردار ہے۔انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو تنازعہ کشمیر کی شدت اور بھارتی بیانیے کا مقابلہ کرنے میں ان کے کردار کے بارے میں حساسیت کی ضرورت پر زور دیا جس کے ذریعے بھارت کشمیر کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کرتا ہے اور پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگاتا ہے۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ علمی سرگرمیوں اور تحقیق کو فروغ دیں تاکہ کشمیر کی حقیقی کہانی اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو عام کیا جا سکے۔

انہوں نے کشمیر کی تحریک آزادی اور اس کے پاکستان مخالف بیانیے کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے یونیورسٹیوں کے کردار کی ضرورت پر بھی ر زور دیا۔اجلاس میں شریک وائس چانسلرز نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ان کی جامعات کی کثیر جہتی کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے جاری منصوبوں، تحقیقی کوششوں اور کمیونٹی کی شمولیت کے پروگراموں کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے ایک متحد نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے طلباء، اساتذہ اور وسیع تر کمیونٹی کے درمیان کشمیر کاز کے لئے زیادہ سے زیادہ بیداری اور حمایت کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔ قبل ازیں ایچ ای سی کے مشیر (کوالٹی ایشورنس )اویس احمد نے شرکاء کو یونیورسٹی کے سربراہان کے ساتھ معاون خصوصی کے ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More