پاک افریقا ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور تین روزہ سنگل کنٹری نمائش 9 تا 11 جنوری قاہرہ میں ہوگی

اے پی پی  |  Jan 08, 2024

قاہرہ۔8جنوری (اے پی پی):پاک افریقا ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش 9 سے 11 جنوری تک مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہوگی ۔ قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد پاکستان افریقا تجارتی ترقی کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش کے دوران تجارتی مصنوعات کی نمائش اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے ساتھ تجارتی تعلقات استوار کرنے کا جائزہ لے گا۔ وفد میں پاکستان کے سرکاری افسران اور معروف کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

وفد میں سیکرٹری برائے تجارت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ کے علاوہ وزارت تجارت، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور ٹی ڈی اے پی کے دیگر سینئر افسران شامل ہیں۔ ایونٹ کا آغاز 9 جنوری 2024 کو کانفرنس کے ایک خصوصی آفیشل سیگمنٹ سے ہوگا جس کے بعد 10 اور 11 جنوری 2024 کو ایک جامع سنگل کنٹری نمائش ہوگی، پاکستان سے 200 سے زائد تاجر شرکت کریں گے۔ بیان کے مطابق یہ تاجر 20 سے زائد مختلف کاروباری شعبوں کی نمائندگی کریں گے جن میں ٹیکسٹائل، انجینئرنگ کا سامان، خوراک و زراعت اور خدمات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی خطے (مینا)کے ممالک سے 150 سے زائد سرکردہ تاجر اور چیمبر کے نمائندے بھی شرکت کریں گے تاکہ پاکستانی تاجروں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط کیا جاسکے۔ یہ نمائش باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں مقامی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان تجارت میں اضافے اور مشترکہ منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

اس سے پاکستان اور مینا ریجن کے ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔ حکومت پاکستان نے ”لک افریقا“ پالیسی کے تحت 2020 ، 2021 اور 2022 میں جوہانسبرگ، لاگوس اور نیروبی میں کامیابی کے ساتھ ایسے ہی ایونٹس کا انعقاد کیا جس سے تجارتی فوائد حاصل ہوئے۔ اس پالیسی کے تحت حکومت پاکستان کا مقصد اپنی اشیا کے لیے متبادل منڈیوں کی تلاش اور افریقی ممالک کے ساتھ حکومتی اور کاروبار ی تعلقات بڑھانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More