ضلع کرم میں بس پر فائرنگ سے سرکاری اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک، 3 زخمی

اردو نیوز  |  Jan 07, 2024

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلعے کرم کے صدر مقام صدہ کے قریب پشاور جانے والی مسافر بس پر فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اتوار کو کرم کے ضلعی پولیس افسر نےایک بیان میں کہا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

ضلعی پولیس افسر نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں دو سرکاری اہلکار بھی شامل ہیں جن کا تعلق پارا چنار سے ہیں۔

زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ضلعی پولیس افسر نے کہا ہے کہ واقعے کی تفتیش ہو رہی ہے۔

30 دسمبر کو بھی ضلع کرم سے پشاور جانے والی مسافر کوچ صدہ بازار کے قریب فائرنگ ہوئی تھی جس میں ایک شخص زخمی ہوا تھا اور بس کو نقصان بھی پہنچا تھا۔

اس سے قبل 26 دسمبر کو پشاور سے پارا چنار جانے والی مسافر بس پر فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More