پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کاخواہاں ہے،وفاقی وزیرتجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز

اے پی پی  |  Jan 06, 2024

ابوظہبی۔6جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کاخواہاں ہے ، متحرک اور مربوط مستقبل کے لیے ہمارا مشترکہ وژن باہمی فائدہ مند سرمایہ کاری اور تجارتی اقدامات کی راہ ہموار کرتا ہے۔ ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے تجارت ڈاکٹر تھانی احمد الزیودی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سروس اور لاجسٹکس کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے لیے مواقعوں کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی گئی، جن میں بندرگاہوں کی تعمیر، لاجسٹکس کے مراکز، ہوائی اڈوں کی سہولیات، شپنگ، کارگو خدمات کی توسیع اور کارکردگی کو بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ملاقات میں دونوں وزرا نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بنانے کے حوالے سے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ان شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات کا اعتراف کیا، جس سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مواقع کے بارے میں پرجوش ہیں، متحرک اور مربوط مستقبل کے لیے ہمارا مشترکہ وژن باہمی فائدہ مند سرمایہ کاری اور تجارتی اقدامات کی راہ ہموار کرتا ہے۔ یہ ملاقات پاک امارات اقتصادی شراکت داری میں اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے، دونوں ممالک کا مقصد انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجیز اور خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے کر پائیدار ترقی حاصل کرنا اور عالمی منڈی میں اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More