کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی وخوشحالی کا دارومدار بہترین تدریسی نظام پر ہی منحصر ہے، نگران وزیراعلی سندھ

اے پی پی  |  Jan 06, 2024

کراچی۔ 06 جنوری (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی وخوشحالی کا دارومدار بہترین تدریسی نظام پر ہی منحصر ہے جتنی بہتر ٹیچنگ فورس ہوگی اتنا ہی معاشرہ پائیدار ہوگا اور ٹیچنگ گریجویٹس معاشرے کو پروان چڑھانے میں حقیقی کردار ادا کرتے ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن حسین آباد کے کنونشن 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر رعنا حسین، وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹرخالد عراقی، محمد علی طبہ، سی ای او دوربین سلمیٰ عالم، شہزاد رائے، خالد محمود اور دیگر نے شرکت کی۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیچنگ گریجویٹس کو ایک قابل ذکر کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسین آباد ٹیچرز ٹریننگ کالج کے پہلے بیچ نے دوربین کی قیادت میں گریجویشن کا عمل مکمل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوربین نے 2019 میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کالج کا نظام سنبھالا اور آج ہم اس تعاون کے نتائج پہلے بیچ کی شاندار کامیابی کی صورت میں دیکھ رہے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ان شاندار گریجویٹس نے نہ صرف پڑھائی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ وہ پوزیشنیں بھی حاصل کیں جو انٹری لیول بینکنگ اور میڈیکل پروفیشنلز کے مقابلے میں درکار ہوتی ہیں۔ اب یہ تعلیم کو پروان چڑھانے میں اپنا بہترین کردار ادا کرسکتی ہیں اور زندگی ٹرسٹ گورنمنٹ اسکولز، خاتونِ پاکستان اور ایس ایم بی فاطمہ جناح میں تعلیم کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور مستقبل کے معماروں کو تیار کیا جا رہا ہے۔ جسٹس باقر نے کہا کہ تدریسی پیشے نے ہی دیگر تمام پیشوں کو جنم دیا ہے، کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نےکہا کہ کسی بھی ملک کی پائیداری اور مضبوطی وہاں کی تعلیمی افرادی قوت پر منحصر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے فارغ التحصیل طلبا روشن مستقبل کی تشکیل اور معاشرے کو سنوارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرکاری اسکول تعلیمی قوت کی علامت بن چکے ہیں جہاں تمام طلباء کو بلا امتیاز یکساں طرز پر تعلیم فراہم کی جاتی ہےتاکہ سماج میں توازن برقرار رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں پڑھانے کا انتخاب معاشرے کی بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ گریجویٹس ہمارے تعلیمی نظام میں مشعل راہ ثابت ہوں گے اور دوربین کے توسط سےپاکستان کے تدریسی نظام کو نئے سرے سے آشکار کرکے ،اسےپروان چڑھانے کی بھرپور صلاحت رکھتے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے فخر محسوس کیا کہ تمام گریجویٹس تدریسی لائسنس حاصل کرنے کے بعد سرکاری اساتذہ بننے کے اہل ہوں گے۔جسٹس(ر) مقبول باقر نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کو درپیش چیلنجز جیسے ماہرین کی کمی اور عدم مساوات کا خاتمہ کرکے معاشرے کو درست سمت پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار اداکریں اور ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ شامل کریں اور سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے گریجویٹس کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی سے تبدیلی ممکن ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More