”دی اکانومسٹ“کے ساتھ عمران خان کے گھوسٹ آرٹیکل کی اشاعت کا معاملہ اٹھایا جائےگا،نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا ”دی اکانومسٹ“ میں عمران خان کے حوالے سے شائع ہونے والے مضمون پر ردعمل

اے پی پی  |  Jan 05, 2024

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ”دی اکانومسٹ“ کے ساتھ عمران خان کے گھوسٹ آرٹیکل کی اشاعت کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

دی اکانومسٹ میں مبینہ طور پر عمران خان کے حوالے سے شائع ہونے والے مضمون کے حوالے سے جمعہ کو سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”دی اکانومسٹ“ کے ایڈیٹر کو مبینہ طور پر عمران خان کی جانب سے تحریر کردہ آرٹیکل کے بارے میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات حیران اور پریشان کن ہے کہ میڈیا کے ایک معزز ادارے نے ایک ایسے فرد کے نام سے مضمون شائع کیا جو جیل میں ہے اور اسے سزا ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی معیارات کو برقرار رکھنا اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم جاننا چاہیں گے کہ ”دی اکانومسٹ“ کی جانب سے مضمون کی اشاعت کے حوالے سے ادارتی فیصلہ کیسے کیا گیا؟ مواد کی قانونی حیثیت اور اعتبار کے حوالے سے کن باتوں کو مدنظر رکھا؟ انہوں نے کہا کہ کیا ”دی اکانومسٹ“ نے دنیا کے کسی اور حصے سے جیل میں بند سیاستدانوں کے گھوسٹ آرٹیکل شائع کئے ہیں؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر جیل میں بند مجرم میڈیا کو لکھنے کے لیے آزاد ہوتے تو وہ اپنی یکطرفہ شکایات کو نشر کرنے کے لیے ہمیشہ اس موقع کا استعمال کرتے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More