اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور جموں و کشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا استعمال کرنے کا موقع دینے کے لیے ضروری اقدامات کرے،بھارتی سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو سلب کرنے کی بھارت کی خواہش کا ایک اور مظہر ہے۔ وزیر خارجہ نے جمعہ کو یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پانچ جنوری جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ہر سال یوم حق خود ارادیت کے طور پر منایا جاتا ہے، 1949 میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (یو این سی آئی پی) نے ایک قرارداد منظور کی تھی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے تاکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت کا موقع دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کے اس قانونی حق کی توثیق کی جاتی ہے کہ وہ اپنے مقدر کا فیصلہ خود کریں گے۔یہ قرارداد غیر ملکی قبضے کی صورت میں لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی واضح حمایت کرتی ہے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کرسکے۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت اپنے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد بھارت کی کوششوں کا مقصد آبادیاتی اور سیاسی تبدیلیوں کو عمل میں لانا ہے تاکہ کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین پرایک بے اختیار کمیونٹی بنایا جائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو سلب کرنے کی بھارت کی خواہش کا ایک اور مظہر ہے، بھارت کشمیریوں کو انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کا نشانہ بھی بنا رہا ہے، اس نے مقبوضہ کشمیر میں اختلاف رائے کو کچلنے کے لیے خوف کا ماحول قائم کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا استعمال کرنے کا موقع دینے کے لیے ضروری اقدامات کرے ، اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرنے اور کشمیری عوام کے حقوق اور بنیادی آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی اپنی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔