نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد کی ہدایت پر سڑک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے چیف کیمرہ مین احمد خان سولنگی اور کیمرہ مین ظفر علی کے لواحقین کے لیے مالی امداد کی منظوری

اے پی پی  |  Jan 05, 2024

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد کی ہدایت پر سڑک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے چیف کیمرہ مین احمد خان سولنگی اور کیمرہ مین ظفر علی کے لواحقین کے لیے مالی امداد کی منظوری دے دی گئی۔

جمعہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سیّد مبشر توقیر شاہ نے چیف کیمرہ مین احمد خان سولنگی کے لواحقین کے لیے 24 لاکھ روپے اور کیمرہ مین ظفر علی کے لواحقین کے لیے 15 لاکھ روپے کی مالی گرانٹ کی منظوری دی۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سیّد مبشر توقیر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پی ٹی وی نے اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں ملازمین کیمرے کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں کی کوریج قوم کے سامنے سکرین پر لائے، ان کی ادارے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اور اس کے ملازمین لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ایم ڈی پی ٹی وی نے احمد خان سولنگی اور ظفر علی کی ادارہ کے لیے شاندار خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے چیف کیمرہ مین احمد خان سولنگی اور کیمرہ مین ظفر علی گزشتہ روز دوران ڈیوٹی کراچی سوراب روڈ پر کار اور ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More