کشمیریوں کو حق خودارادیت کی فراہمی تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو گا، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا پیغام

اے پی پی  |  Jan 05, 2024

اقوام متحدہ۔5جنوری (اے پی پی):پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر غیر ملکی قبضے اور وحشیانہ جبر کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے، کیونکہ حق خود ارادیت ان کا بنیادی حق ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے اس حق کو دبانا تنازعات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا باعث بنتا ہے جیسا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر اور فلسطین میں ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ عالمی برادری کی براہ راست اور بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر اور اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے لوگوں پر غیر ملکی قبضے اور وحشیانہ جبر کو ختم کرے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا تعین کرنے کا بنیادی حق دینے سے مسلسل انکار کے باوجود کشمیری عوام نے بہادری سے بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی ہے اور حق خود ارادیت اور آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی شقوں کے مطابق اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کے قابل نہیں بنایا جاتا۔

منیر اکرم نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی منصفانہ اور جائز جدوجہد آزادی کی اپنی ثابت قدم سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کو برقرار رکھنے کے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔\

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More