عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اے پی پی  |  Jan 05, 2024

اسلام آباد۔ 5جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حق خودارادیت انسانی احترام کا بنیادی جزو ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی پرامن تحریک کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کرتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر کیا جو ہر سال 5 جنوری کو منایا جاتا ہے۔سپیکر نے کہا کہ آج کا دن عالمی برادری کو کشمیر سے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان (یو این سی آئی پی) نے قرارداد منظور کی تھی جو جموں وکشمیر کے عوام کو اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کے لیے آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے انعقاد کی ضمانت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے بدترین صورت حال کا سامنا ہے اور مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا۔ سپیکر نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری اور فلسطینی عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کو بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی فوج کی طرف سے گزشتہ 2 ماہ سے جاری بد ترین بمباری نے خطے میں نظام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے ہسپتال، سکول اور یہاں تک عبادت گاہیں بھی محفوظ نہیں اور بچوں، خواتین ، بزرگوں اور معصوم شہریوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More