بھٹو کے منشور روٹی،کپڑا اور مکان پر عمل کرتے ہوئے ملک سے مہنگائی و بے روزگاری ختم کریں گے،بلاول بھٹو زرداری

اے پی پی  |  Jan 05, 2024

کراچی۔ 05 جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو صرف ایک فرد یا کسی ایک جماعت کے لیڈر نہیں، بلکہ وہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور ہماری عظیم قوم کے لیے رہنمائی کرنے والی قدآور شخصیت کے طور پر کھڑے ہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 96 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام کا ہر قدم قوم کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، ناقابل تسخیر قومی دفاع کے لیے جوہری پروگرام شروع کیا، پاکستان کو مسلم دنیا میں صف اول تک پہنچا یا اور چین کے ساتھ پائیدار دوستی کی مضبوط بنیاد رکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں اور پسماندہ طبقات کو حقوق دینا،خواتین کی تعلیم و خودمختاری کو فروغ دینے سے لے کر پاکستان پیپلز پارٹی کے قیام تک،قائد عوام کا ہر قدم سیاسی دور اندیشی اور پاکستان سے وابستگی کا مظہر ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت شہید بھٹو کے منشور روٹی، کپڑا اور مکان پر عمل کرتے ہوئے ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت پر قابو پانے کا اٹل ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام کے نظریے کے مطابق پاکستان کو دنیا میں ایک خوشحال، مضبوط اور مساوات پر کھڑا ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More