گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے گی،ڈاکٹر ندیم جان

اے پی پی  |  Jan 05, 2024

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہےکہ پاکستان میں منعقد ہونے والی آئندہ گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔

جمعرات کو نگران وفاقی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ندیم جان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ یہ سربراہی اجلاس متعلقہ شعبے کے بین الاقوامی اور قومی ماہرین کو جمع کر کے ایک محفوظ دنیا کے لیے مہارت اور علم کے تبادلے کے ذریعے سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ 10 سے 11 جنوری کو وفاقی دارالحکومت میں گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ منعقد ہو رہی ہے ۔کانفرنس کے سٹریٹجک مقاصد عالمی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کرنا ہے تاکہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے وبائی امراض کی تیاری کے لیے مالیاتی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور رکن ممالک اور سربراہی اجلاس کے موضوعاتی شعبوں میں ماہرین کے ساتھ علم اور بھرپور تجربہ کا باہمی تبادلہ، ویکسین ایکویٹی، پیٹنٹ ڈی ریگولیشن اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر مرکوز ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کانفرنس بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ عالمی اور علاقائی شراکت داری کو تقویت دے گی تاکہ صحت کے تحفظ کی اپنی ترجیحات کو عالمی اور علاقائی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے اور تکنیکی مدد کے ذریعے اس کی بنیادی صلاحیتوں کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پانچ سالہ ہیلتھ سیکیورٹی پلان28 -2024 کے لیے پائیدار ڈومیسٹک فنڈنگ کے علاوہ پورے خطے اور دنیا بھر میں صحت کی سلامتی کے لیے مشترکہ کام کرنے اور پول فنڈنگ کے مواقع تلاش کرے گی۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ میں دنیا بھر سے صحت کے اعلیٰ ماہرین شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئے گا۔ اس سے ثابت ہو گا کہ پاکستان صحت کے شعبے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کا مقصد پاکستان اور دنیا کو بیماریوں سے محفوظ بنانا ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں غریب ممالک کے صحت کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ایکشن پلان طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ناگہانی وبا سے قبل صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو عالمی وبائی امراض سے بچانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More