کاغذات نامزدگی منظور، شیخ رشید اب الیکشن لڑ سکیں گے

اردو نیوز  |  Jan 04, 2024

الیکشن ٹریبیونل نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 اور 57 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔

جمعرات کو راولپنڈی کے الیکشن ٹریبیونل کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کیس کی سماعت کی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے سردار عبدالرازق اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کے کاغذات منظور کر لیے۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف شیخ رشید احمد نے الیکشن ٹریبیونل میں اپیل دائر کی تھی۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور 57 کے ریٹرننگ افسر الیکشن ٹریبیونل میں پیش ہوئے۔

کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’جسٹس مرزا وقاص رؤف نے آر او کا فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔ یہ طے پایا ہے کہ شیخ رشید حلقہ 56 اور 57 میں الیکشن کے لیے اہل ہیں۔‘

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا اور نہ کسی کے خلاف سازش کی۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔

راولپنڈی بینچ نے اعجاز الحق کے کاغذات پر ریٹرننگ افسر کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔ 

اعجاز الحق نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More