ڈریپ اور ایف آئی اے نےکراچی ڈی ایچ اے سے ان رجسٹرڈ ادویات اور طبی آلات کی بھاری مقدار برآمد کر لی ہے، نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت

اے پی پی  |  Jan 04, 2024

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے،ڈریپ اور ایف آئی اے نے کراچی ڈی ایچ اے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کران رجسٹرڈ ادویات اور طبی آلات کی بھاری مقدار برآمد کر لی ہے

۔ جمعرات کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹرندیم جان نے کہاکہ ڈریپ اور ایف آئی اے نےمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی ڈی ایچ اے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر ان رجسٹرڈ ادویات اور طبی آلات کی بھاری مقدار ضبط کرلی ہے۔

ضبط کی گئی غیر قانونی ادویات میں اسوفلوران، سیووفلوران اور ڈیسفلوران شامل ہیں۔ ان ادویات کو سرجری کے دوران بے ہوشی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا ۔ اِن کے علاوہ ثانوی پیکنگ کا مواد بھی بڑی مقدار میں پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ ادویات اور طبی آلات کا ذخیرہ قبضے میں لیکر ان کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھیج دیئے گئے ہیں۔

مذکورہ پرمیسر کو ڈرگز ایکٹ 1976 کے متعلقہ دفعات کے تحت بند کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ ایف آئی اے نے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات میں ملوث افراد کےخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، ملک بھر سے جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More