صفائی ستھرائی سے وابستہ افراد حقیقی وی آئی پیز اور ہمارے گمنام ہیروز ہیں ، مشاہد حسین سید

اے پی پی  |  Jan 03, 2024

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):سینیٹ میں وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرنے والے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی سے وابستہ افراد حقیقی وی آئی پیز اور ہمارے گمنام ہیروز ہیں ۔ بدھ کو انہوں نے ای 7 پارک میں سینٹری ورکرز کے اعزاز میں کرسمس کم نیو ایئر پارٹی کا انعقاد کیا جس میں تقریباً 150 افراد نے شرکت کی۔

اسلام آباد کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب رکھنے کے لئے سینٹری ورکرز کی محنت، کردار اور شراکت کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی ایمانداری، لگن اور محنت کی وجہ سے آپ حقیقی وی آئی پیز ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے دو سینٹری ورکرز کو بھی تعریفی شیلڈز سے نوازا۔یعقوب مسیح نے 42 سال خدمات انجام دیں اور سیف الرحمان نے 38 سال خدمات انجام دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ اسلام آباد اشرافیہ کا شہر کہا جاتا ہے جہاں وی آئی پی کلچر رائج ہے ، میں غریب طبقہ کو عزت دے کرایک منفرد مثال قائم کرنا چاہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز ہی اصل وی آئی پی ہیں کیونکہ وہ بے لوث، ڈیوٹی سے بڑھ کر، معمولی تنخواہوں پر خدمت کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے ہی ہمارا شہر اتنا صاف ستھرا اور خوبصورت ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے تمام پاکستانیوں کے لئے برابری کے وژن کو برقرار رکھنا چاہئے، قومی پرچم میں سفید رنگ غیر مسلم پاکستانیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کو سب سے اوپر ہونا چاہئے اور اصل عبادت کسی بھی تعصب یا رنگ، ذات یا عقیدے سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔

گزشتہ سال بھی سینیٹر مشاہد حسین نے ریٹائر ہونے والے سینٹری ورکر منظور مسیح اور سی ڈی اے کے سینی ٹیشن سٹاف کے دیگر ارکان کے اعزاز میں ایک ایسی ہی تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ تقریب میں سی ڈی اے لیبر یونین کے سربراہ چوہدری یاسین اور اسلام آباد سے پی ٹی آئی کی سینیٹر فوزیہ ارشد نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More