اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے اسلام آباد میں انڈونیشیا کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور ناظم الامور یوسران حیدرومی سے ملاقات کی۔بدھ کو کامسٹیک کے مطابق ملاقات کا مقصدکامسٹیک کے وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجیز پروگرام میں ریسرچ اور ایڈوانسڈ ٹریننگ کیلئے جاری فیلوشپ سمیت باہمی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل نے سفارت خانے کی جانب سے تعاون پر ناظم الامور یوسران حیدرومی کا شکریہ ادا کیا اور آنے والے تیسرے بیچ کیلئے شرکاء میں اضافے کی تجویز دی۔انہوں نے ناظم الامور کو گزشتہ دو بیچوں کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں کامسٹیک، انڈونیشیا اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان صحت اور سائنس کی سفارت کاری کو فروغ دینے کیلئے مستقبل کے مشترکہ پروگراموں کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ناظم الامور یوسران حیدرومی نے انڈونیشیا کے سکالرز کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں مواقع دینے کے کامسٹیک کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل نے آئندہ بھی اس طرح کے اقدامات کے لیے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔