اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا نے کہا ہے پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام فروری میں ’’ٹورازم ایجوکیشن کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹورازم ایجوکیشن کانفرنس میں سیاحت کو سکولوں میں بطور مضمون متعارف کرانے اور ذمہ دارانہ سیاحت کے لئے آگاہی پیدا کرنےکےلئے مزید اکیڈمیز بنانے پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہےجو ملک کے لئے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ بن سکتا ہے،پی ٹی ڈی سی سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ‘ذمہ دار سیاح’ کے بارے میں آگاہی مہم شروع کر رہی ہے ۔ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ وزارت صحت کے تعاون سے سیاحوں کو صحت کی معیاری سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے ملک کے مختلف شہروں میں پانچ سے چھ ہسپتالوں کا منصوبہ زیر غور ہے جہاں سیاحوں کو بہترین سرجری، پیوند کاری، یوگا اور دیگر طبی سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی جلد ہی ‘نیشنل کیلنڈر آف ایونٹس’ بھی متعارف کرا رہی ہے جہاں سیاح آسانی سے اپنی چھٹیوں کے دوران سفر کی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں، پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس میں مختلف مذہبی نسلوں کا ورثہ موجود ہے ، مذہبی سیاحت ملک کی سیاحتی صنعت کا ایک اہم شعبہ ہے جس میں بدھ مت، ایکو ٹورازم ،سکھ مذہب، ہندو مت اور مسیحیت سے متعلق سیاحت شامل ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سال 2023 میں پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 115 فیصد اضافہ ہوا ہے، پی ٹی ڈی سی نے ہوٹلوں اور موٹلز کی آن لائن بکنگ کے لئے ایک نئی ویب سائٹ بھی لانچ کی ہے، سیاحوں نے رش سے بچنے کے لئے کمروں کی ایڈوانس بکنگ کے لئے پی ٹی ڈی سی کے ہوٹلوں اور موٹلز سے رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نواز ی اپنی گرمجوشی اور سخاوت کے لئے جانی جاتی ہے جو آنے والے دنوں میں سیاحوں کے لئے مزید خوشگوار ماحول پیدا کرے گا۔ پاکستان اپنے بنیادی ڈھانچے بشمول ہوائی اڈوں، سڑکوں اور عوامی نقل و حمل کو بھی بہتر بنا رہا ہے تاکہ سیاحوں کے لئے ملک کے اندر سفر کو آسان بنایا جاسکے۔آفتاب الرحمن رانا نے کہا کہ پاکستان ٹارگٹڈ مارکیٹنگ اور ٹریول ایجنسیوں اور ٹور آپریٹرز کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے غیر ملکی سیاحوں کو سیاحت کے مزید موثر مواقع فراہم کرے گا۔