آرمی چیف کا وطن عزیز کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کا بیان پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب

اے پی پی  |  Jan 03, 2024

کوئٹہ۔3جنوری (اے پی پی):چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب بادشاہی مسجد لاہور اور چیئرمین مجلس علما پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید حافظ عاصم منیر کا وطن عزیز کے تحفظ، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کا بیان پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، بلوچستان کے عوام غیور، ایماندار اور محب وطن ہیں، بلوچستان کے لوگوں نےہمیشہ پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں مجلس علما پاکستان کے زیراہتمام پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں نے پاکستان کی سلامتی و دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دے کر وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے، پاکستان کے تحفظ وسلامتی کے لیے علما کرام اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،پیغام پاکستان وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس کو علما کرام و مشائخ عظام منبر ومحراب کے ذریعے ہر گھر کی آواز بنادیں گے، پاکستان کی سلامتی وتحفظ کے لیے ہم سب ایک ہیں اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے ملک کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے، مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کا ثبوت دیا ہے، آج پوری امت مسلمہ فلسطین و غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے، غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا ہم سب پر فرض ہے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے،جو احترام انسانیت،مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور تشدد سے پاک معاشرے کا درس دیتا ہے، پیغام پاکستان کے فروغ کے لیے منبر و محراب کی بھرپور تائید سے دشمن کی ناپاک سازشیں ناکام ہوئی ہیں،پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کمر کو توڑا ہے، انھوں نے کہا کہ دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

پیغام امن کانفرنس سے بلوچستان کے جید علماء کرام اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مشائخ عظام پیر حبیب اللہ شاہ چشتی، مولانا انوارالحق حقانی، قاری عبد الحفیظ، علامہ سید ہاشم موسوی، پادری سائمن بشیر، مولانا محمد جان قاسمی، مفتی روزی خان، سید غلام حسین گیلانی، قاری عبد الرشید ہزاروی، سردار جسبیر سنگھ، علامہ سید نصر اللہ الحسینی، مولوی عتیق اللہ، مولانا مختیار احمد حبیبی، ڈاکٹر عطاء الرحمان، شیخ ولادت حسین جعفری، قاری مہر اللہ، مولانا حزب اللہ عثمانی، مولانا راز محمد اچکزئی، علامہ ڈاکٹر محمد موسی حسینی، مولانا ارشاد اللہ، مولانا سندر سعید، سردار اقبال خلجی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان امن کانفرنس پورے پاکستان کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے، پاکستان میں کسی کو بھی انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے کی قطعا اجازت نہیں دی جائے گی اور ہم ملک کے خلاف دشمن کے کسی ایجنڈے و سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے،

بلوچستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے ہم اپنے ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔پیغام پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے ۔آئیں ملکر اس بیانیے کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، کانفرنس کے آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ و فلسطین کے مسلمانوں اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More