چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد متعدد اضلاع کو قریبی بنچوں کے ساتھ منسلک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

اے پی پی  |  Jan 03, 2024

لاہور۔3جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد متعدد اضلاع کو قریبی بنچوں کے ساتھ منسلک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھکر کو لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ، ضلع میانوالی کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ ،ضلع لودھراں کو لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ ،ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے ساتھ منسلک کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 9 جنوری سے ضلع بھکر، ضلع میانوالی، ضلع لودھراں اور تحصیل سرائے عالمگیر کے مقدمات متعلقہ بنچوں پر سنے جائیں گے۔ ضلع بھکر، میانوالی، لودھراں اور تحصیل سرائے عالمگیر کے لاہور ہائیکورٹ لاہور پرنسپل سیٹ پر زیرالتوا مقدمات متعلقہ بنچز پر ٹرانسفر کردیئے جائیں گے۔

قبل ازیں بھکر، میانوالی، لودھراں اور سرائے عالمگیر کے سائلین کو اپنے مقدمات کے لئے لاہور ہائیکورٹ لاہور پرنسپل سیٹ آنا پڑتا تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے عوامی سہولت اور سائلین کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کی غرض سے یہ اقدام اٹھایا ہے ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More