اسرائیلی وزرا کی بیان بازی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، امریکی ترجمان

اے پی پی  |  Jan 03, 2024

واشنگٹن۔3جنوری (اے پی پی):امریکا نے2 اسرائیلی وزرا کے متنازع بیانات کی مذمت کی ہے جن میں انہوں نے کہا تھا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نقل مکانی کرنے اور یہودی آبادکاروں کو محصور علاقے میں واپس آنے کی ترغیب دی جانی چاہیئے۔ اردو نیوز کے مطابق بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیلی وزرا بیزلیل سموٹریچ اور ایتمار بین گویر کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتا ہے جن میں فلسطینیوں کی غزہ سے باہر آبادکاری کی وکالت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان بازی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔

انہوں نے امریکی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور فلسطینی سرزمین رہے گی۔ اسرائیل کے نیشنل سکیورٹی کے وزیر ایتمار بین گویر نے پیر کو ایک تجویز دی تھی کہ غزہ کے رہائشیوں کو نکل مکانی کی ترغیب دینے کے حل کو فروغ دینا چاہیے۔بین گویر کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی غزہ سے نقل مکانی اور اسرائیلی بستیوں کی دوبارہ تعمیر ایک درست، منصفانہ، اخلاقی اور انسانی حل ہے۔

انہوں نے اپنی انتہائی قوم پرست جماعت اوزما یہودیت کو بتایا کہ یہ ایک موقع ہے کہ غزہ کے باشندوں کو دنیا بھر کے ممالک میں ہجرت کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جائے۔ بین گویر کا بیان ایک دن بعد اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کے بیان کے بعد سامنے آیا۔وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے بھی غزہ میں آبادکاروں کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اسرائیل کو 24 لاکھ فلسطینیوں کو غزہ سے نکلنے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں 85 فیصد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More