مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور قیام امن کیلئے اقوام متحدہ اپنا اہم کردار ادا کرے،چوہدری لطیف اکبر

اے پی پی  |  Jan 02, 2024

لندن/مظفرآباد۔2جنوری (اے پی پی):آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور قیام امن کیلئے اقوام متحدہ اپنا اہم کردار ادا کرے۔ گمنام قبروں کی دریافت، ماورائے عدالت نوجوانوں کا اغوا اور قتل عام، حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی بلا جواز گرفتاریاں ، خواتین کی آبرو ریزی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں،قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی، کرفیو کا نفاذ اور لاک ڈائون بھارت کے دنیا کی بڑی جمہوریت ہونے کے دعوئوں پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ لندن کے دوران اپنے اعزاز میں دئیے جانے والے استقبالیہ اجتماعات، پر تکلف ظہرانوں اور عشائیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی جانوں کو سبزیوں پھلوں کی طرح کاٹ کر شیر خوار بچوں اور خواتین پر جو مظالم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں وہی صورت حال مقبوضہ کشمیر میں بھی ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو دونوں عصر حاضر کے سب سے بڑے دہشت گرد اور عالمی تہذیبوں کے درمیان ٹکرائو کو ہوا دیکر عالمی امن کیلئے ریڈ الرٹ ہیں، ان دونوں کے خلاف انصاف اور جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں میں مقدمات دائر کئے جائیں۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نہ تو زمینی تنازعہ ہے،

نہ مذہبی جھگڑا اور نہ ہی تحریک آزادی علیحدگی کی تحریک ہے ، یہ ایک جمہوری جدوجہد ہے جسے بھارت طاقت کے ذریعے ایسے دبانے کی کوشش کر رہا ہے جس طرح اس نے ستائیس اکتوبر 1947کو بلا جواز فوج کشی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر کر لیا تھا۔ دریں اثنا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ہمیں صبر برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی چالبازیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں ملی یکجہتی کا کردار ادا کر کے مظلوم نہتے لوگوں کی ڈھارس بننا ہو گا ۔ سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر چکا ہے ۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت سازی کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری اپنے دس نکاتی انقلابی منشور پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک و قوم کو خوشحالی کی منزل تک پہنچا کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مقدس مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More