اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وزیراعظم معائنہ کمیشن (پی ایم آئی سی)نے پی ایس ڈی پی کے تحت سیکٹرایچ۔16 ، اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کے منصوبے پر عملدرآمد کی صورتحال پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اس منصوبے کی صحیح معنوں میں پراجیکٹ کی ڈیڈ لائن کے ساتھ جلد اور موثر تکمیل کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو وزیراعظم معائنہ کمیشن کے ممبر انجینئر عامر حسن نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ایچ۔16 ، اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کے منصوبے پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں پی ایم آئی سی کے ڈائریکٹر محمد صالح ناریجو ،وزارت داخلہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی)، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے افسران نے شرکت کی۔ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی)، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) جبکہ محکمہ جیل پنجاب کے افسران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ممبر پی ایم آئی سی نے کہا کہ منصوبے میں پیشرفت کے حوالے سے عملدرآمد رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔قبل ازیں، چیئرمین پی ایم آئی سی بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا نے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی تکمیل میں بلاجواز تاخیر پر وزیراعظم کے تحفظات کا نوٹس لیا۔ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے حوالے سے وزارت داخلہ اور پاک پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے 20 دسمبر 2023 کو پی ایم آئی سی میں ہونے والے اجلاس میں عملدرآمد کی صورتحال اور فیصلوں پر تازہ ترین پیشرفت پر عدم اطمینان ظاہر کرنے کے بعد پی ایم آئی سی ممبر انجینئر عامر حسن کو منصوبے کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کا ٹاسک سونپا گیا۔ماڈل جیل پروجیکٹ پر 12 دسمبر 2023 کو اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں وزارت داخلہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، پاک پی ڈبلیو ڈی، این ایچ اے، آئی سی ٹی، سی ڈی اے، آر ڈی اے اور پنجاب جیل خانہ جات کے نمائندوں نے ممبر، پی ایم آئی سی کو فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال اور تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا ۔